ماسکو: فیفا ورلڈکپ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹورنامنٹ ہے اور یہ صرف مقبولیت میں ہی سب سے بڑا نہیں ہے بلکہ اس کے فاتح کیلئے انعامی رقم بھی اتنی ہی بڑی ہے۔ فیفا ورلڈکپ 2018 ءشروع ہونے میں صرف تین روز باقی رہ گئے ہیں اور تمام ٹیمیں ٹرافی اٹھانے کا خواب آنکھوں میں سجائے روس پہنچ چکی ہیں۔ یہ ٹرافی حاصل کرنے کیلئے 32 عالمی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا لیکن جو بھی ٹیم فاتح قرار پائے گی اسے ٹرافی کیساتھ ساتھ 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی رقم بطور انعام ملے گی۔ فاتح ٹیم تو ٹرافی اور انعامی رقم جیتنے کا جشن تو منائے گی ہی مگر فائنل ہارنے والی ٹیم بھی آنکھوں میں صرف آنسو لے کر ہی اپنے ملک نہیں لوٹے گی بلکہ اسے بھی 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی جبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 40 کروڑ ڈالرز کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔