ہر شخص دانتوں کی صفائی کیلئے ٹوتھ پیسٹ کا استعمال کرتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دانتوں کی صفائی کیلئے کتنی پیسٹ درکار ہوتی ہے؟
لاہور: (یس اُردو) اشتہارات میں دانتوں کی صفائی کیلئے استعمال ہونے والے برش پر ٹوتھ پیسٹ کو مکمل بھرا ہوا دکھایا جاتا ہے لیکن آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ یہ مقدار ہماری دانتوں کیلئے نہ صرف بہت زیادہ ہے بلکہ خطرناک بھی ہے۔ ٹوتھ پیسٹ کے زیادہ استعمال سے دانت صاف ہونے کے بجائے خراب بھی ہو سکتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق ڈینٹل سرجری سے منسلک امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ٹوتھ پیسٹ کا ضرورت سے زیادہ استعمال دانتوں کی صحت کو نہ صرف خراب کر سکتا ہے بلکہ اس سے آپ کے دانت بھی بھدے ہو سکتے ہیں۔ امریکی ڈاکٹر شیرل واٹسن کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنے دانتوں کی بہتر صفائی اور انھیں زیادہ دیر تک صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو ٹوتھ پیسٹ کی بہت کم مقدار استعمال کریں کیونکہ ان میں موجود پایا جانے والا فلورائیڈ دانتوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔