اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں موجود غریب عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا جس پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ابتدائی طور پر جن سات شہروں میں رجسٹریشن شروع کی گئی ان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، فیصل آباد، سکھر،
ڈیرہ اسماعیل خان، کوئٹہ، گلگت اور مظفر آباد شامل ہیں۔پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو 19 شہروں تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملک میں موجود غریب عوام کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ رجسٹریشن کا عمل شروع ہونے کے بعد ایک شہری کا سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے نام لکھا گیا خط وائرل ہو گیا جس میں شہری نے گھروں کی تقسیم کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو اپنی تجویز پیش کی۔ اس خط میں تحریر ہے کہ وزیراعظم صاحب سستے نئے گھروں کی تقسیم کا میرے پاس ایک آسان طریقہ ہے اور وہ یہ ہے کہ جو کرایہ دار متعلقہ تھانے میں اپنا کرایہ نامہ جمع کروا چکا ہے اور جس کے پاس مدتوں سے اپنا گھر نہیں ہے وہ ان گھروں کا صحیح معنوں میں حقدار ہے۔ خط میں وزیراعظم عمران خان سے شکوہ کیا گیا کہ ویسے تو اس اسکیم میں گھر حاصل کرنے کے لیے سارے ہی غریب بن کر اپلائی کر رہے ہیں۔ کاروباری حضرات بھی غریب بنے ہوئے ہیں۔ لیکن حقدار کو اُس کا حق ضرور ملنا چاہئیے۔ مذکورہ شہری نے اپنے خط میں لکھا کہ برائے مہربانی آپ سب میرا ساتھ دیں۔اور میرے اس خط کو اتنا شئیر کریں کہ وزیراعظم صاحب تک پہنچ جائے۔واضح رہے کہ ” نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام” کے پہلے ہی روز 1 لاکھ 25 ہزار افراد نے رجسٹریشن کے لیے فارم ڈاؤن لوڈ کئے، حکومت کے اس پروگرام کو عوام کی جانب سے خوب پذیرائی موصول ہوئی جبکہ غریب عوام نے اپنی تمام تر توقعات وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے وابستہ کر لی ہیں، دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا فوکس بھی پاکستانیوں کی بھلائی اور ان کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔