اسلام آباد(یس اردو نیوز) عید الاضحیٰ پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور جانوروں کی آلائشیں مقرر کردہ جگہوں پر پھینکیں۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پرندوں سے ہوائی جہازوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔سول ایوی ایشن نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ملک بھر کے ائیر بیس اور ایئرپورٹس پر آگاہی مہم شروع کر دی۔ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس منیجر کی جانب سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے اداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ آلائشوں کے پڑے رہنے کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں اضافہ ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے جہازوں کیلئے خطرہ جود رہتا ہے۔ سی اے اے نے کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے عید الاضحی پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی اقدامات کریں، عیدا لاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص جگہ پر ٹھکانے لگائے جائیں، قومی اثاثوں کی حفاظت اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام شہریوں کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔اس حوالے سے سی اے اے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحیٰ پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں اور جانوروں کی آلائشیں صرف مقرر کردہ جگہوں پر ہی پھینکیں تاکہ گندگی کی وجہ سے وہاں آنے والے پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے اور فضائی سفر محفوظ رہے۔