قصور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سانحہ یوحنا آباد میں بلوائیوں کے ہاتھوں جلائے جانے والے نوجوان نعیم کے گھر قصور پہنچ گئے ، کہتے ہیں انسانوں کو زندہ جلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔حافظ نعیم کا مقدمہ انسداد دہشتگردی عدالت میں چلایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قصور میں نعیم کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔ وزیر اعلیٰ نے مقتول کے لواحقین کو مکمل انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ انسانوں کو زندہ جلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔نعیم کا کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا توڑ پھوڑ اور پر تشدد واقعات میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر مقتول کے بھائی نے کہا کہ انہیں انصاف ملنا چاہیئے ان کے بھائی کو بے گناہ مارا گیا۔ نعیم کی والدہ کا کہنا تھا کہ جوان بیٹے کے قتل سے ان کی دنیا اجڑ گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ کی قصور آمد کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔