پاکستان کے کامیاب اداکار حمزہ علی عباسی اور ہمایوں سعید اپنے ڈراموں ‘من مائل’ اور ‘دل لگی’ کی شوٹنگ کے بعد اسکرین سے تو غائب ہوگئے تاہم وہ دونوں اس وقت امریکا میں موجود ہیں۔
حمزہ اور ہمایوں نے امریکی ریاست الینوائے میں ایک ادارے ‘فارگوٹن پیپل’ کے ساتھ مل کر فلاحی کاموں کا آغاز کیا ہے۔
اس ادارے کی جانب سے جمع کیے گئے فنڈز بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کی بحالی کے کام میں استعمال کیے جائیں گے۔
ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق کئی پاکستانی 1971 کے بعد سے بنگلہ دیش کے مختلف شہروں میں واقع کچی بستیوں میں نہایت کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
حمزہ علی عباسی اور ہمایوں سعید نے اسی حوالے سے امریکی ریاست مشی گن اور الینوائے میں منعقدہ 2 تقاریب میں شرکت کی۔
ان تقاریب کے ٹکٹ کی قیمت 200 ڈالر رکھی گئی جو تقریبا 21 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں، ان ٹکٹوں کو خریدنے والے افراد نے حمزہ علی عباسی اور ہمایوں سیعد کے ساتھ سیلفی بھی لی
دلچسپ بات یہ ہے کہ جن افراد نے ٹکٹ کے کم پیسے دیئے، انہیں اداکاروں کے ساتھ سیلفی لینے کا موقع نہیں ملا۔
واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی اور ہمایوں سعید ایک ساتھ پاکستان کی کامیاب فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی’ میں کام کرچکے ہیں۔