کراچی ( یس اردو نیوز ) پاکستان کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے بالی ووڈ کی فلموں پر عائد پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا کے نقشِ قدم پر نہیں چلنا چاہیے ۔ ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ انڈیا نے پاکستانی اداکاروں کو کام کرنے سے روک کر غلط کیا ہے اور چونکہ ہم اس عمل کو غلط سمجھتے ہیں اسی لیے ہمیں خود وہی عمل نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بھارتی فلمیں بچپن سے غیر قانونی طریقے سے دیکھتے رہے ہیں اور اگر وہ قانونی طریقے سے پاکستان کے سینما میں دکھائی جا رہی ہیں تو کیا غلط ہے ؟ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی سینما کو بھارتی فلموں کی ضرورت ہے اور پاکستانی فلمی صنعت ابھی اس قابل نہیں ہے کہ وہ تنہا پاکستانی سینما کو چلاسکے کیونکہ سینما کو ہر ہفتے ایک فلم چاہیئے ہوتی ہے اور پاکستانی فلمی صنعت سال میں چند ہی فلمیں بناتی ہے