لاہور(نمائندہ یس نیوز)مقامی عدالت نے بچہ بازیابی کیس کا فیصلہ گلوکارہ حمیرا ارشد کے حق میں سناتے ہوئے بچے کو ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی سیشن کورٹ کے جج نے گلوکارہ حمیرا ارشد کی جانب سے اپنے سابق شوہر احمد بٹ سے بچے کی بازیابی کے لئے دائر درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے بچے کو فوری طور پر ماں کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ 23 ستمبر تک فیملی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بچہ ماں کے ہی پاس رہے گا۔
واضح رہے کہ گلوکارہ حمیرا ارشد نے سیشن عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ ان کا سابق شوہر احمد بٹ زبردستی بچے کو چھین کر اپنے ساتھ لے گیا تھا، بچہ بہت چھوٹا ہے اس لئے اسے ماں کی تحویل میں دیا جائے جب کہ احمد بٹ نے فیملی عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گلوکارہ کے گھر میں شراب کی بہتاب اور بہت زیادہ سگریٹ نوشی ہونے کی وجہ سے بچے کی پرورش پر برے اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے۔