اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یوسف العثمین کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد جمہوریہ چاڈ کے سابق سفارتکار حسین ابراہیم طہ اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق چاڈ کے سابق سفارتکار کا بطور او آئی سی سیکرٹری جنرل تقرر ڈاکٹر یوسف العثیمین کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد ہوا ہے۔ نائجر میں ہونے والے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے نئے سیکرٹری جنرل کو خوش آمدید کہا۔ دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے حسین ابراہیم طہ کی بطور او آئی سی سیکرٹری جنرل انتخاب کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیر خارجہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سعودی عرب حسین ابراہیم کو سپورٹ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل کی کوششوں اور خدمات کو سراہا۔