اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں جذبہ خیرسگالی کے تحت اس کا گرفتار پائلٹ ابھی نندن بھی رہا کر دیا ہے جسے گزشتہ روز براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا تاہم اس نے سرحد پار کرتے ہی کیا بات کہی؟ بھارتی میڈیا نے اہم انکشاف کر دیا ہے۔
پاک فضائیہ کے جانبازوں نے 27 فروری کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرنے والے بھارت کے 2 طیارے مار گرائے تھے اور انڈین ائیرفورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا جس کیساتھ فوجی روایات کے مطابق بہترین سلوک روا رکھا گیا اور بھارت واپسی کے وقت کپڑوں کا تحفہ دیا گیا جو اس نے زیب تن کر رکھا تھا۔ابھی نندن نے بارڈر کراس کیا تو بھارتی مسلح افواج کے دو فوجی افسران کیساتھ ہاتھ ملایا مگر حیران کن طور پر کسی نے اپنے افسر کو سیلوٹ تک بھی نہیں کیا بلکہ اسے ایک قیدی کی طرح پکڑ کر ساتھ لے گئے۔ بھارتی خبر رساں ادارے ”انڈیا ٹائمز“ کے مطابق ابھی نندن کا استقبال کرنے والے ایک افسر نے بھارتی نیوز ایجنسی ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کو بتایا کہ جیسے ہی ابھی نندن نے مسلح افواج کے افسر سے ہاتھ ملایا تو کہا ”اپنے وطن میں واپس آ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔“ دوسری جانب ایک اور بھارتی خبر رساں ادا رے ”ٹائمز آف انڈیا“ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امرتسر کے ڈپٹی کمشنر شیو دولر سنگھ ڈھلوں نے بتایا ہے کہ ابھی نندن جیسے ہی بھارتی سرحد میں داخل ہوا اور فوجی افسر کیساتھ ہاتھ ملایا تو اس کے منہ سے پہلے یہ الفاظ نکلے کہ ”اپنے وطن واپس آنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔“ واضح رہے کہ ابھی نندن کو رہا کئے جانے سے پہلے اس کا ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا جس میں اس نے کہا کہ میں پاکستان میں ٹارگٹ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہا تھا