مکہ (سی پی پی)نومسلم چینی سیاح عبداللہ شان106 ممالک کا سفر کرتے ہوئے بالاخر عمرہ کی ادائیگی کیلئے ارض مقدس پہنچ گیا۔ نومسلم عبداللہ نے سیاحتی سفر کا آغاز 2003 میں کیا تھا اس وقت وہ دائرہ اسلام میں داخل نہیں ہوا تھا۔ 56 سالہ چینی سیاح نے گزشتہ برس دبئی میں ایک چینی داعی کی دعوت پر اسلام قبول کیا تھا۔ سیاح نے اسلام قبول کرنے کے بعد مکہ مکرمہ آنے کا ارادہ کیا اورسفر پر نکل پڑا۔عبداللہ کا کہنا تھا کہ اس نے دنیا کے گرداپنےسفر کا آغاز 2003 میں کیا تھا 2006 میں برطانیہ میں حادثے کا شکار ہوا اور واپس وطن لوٹ گیا۔ عبداللہ 106 ممالک سے ہوتا ہوا 40 ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کر کے بالاخر مکہ مکرمہ پہنچا۔ زندگی میں پہلی بار حرم کعبہ کو دیکھ کر اسکی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ عبداللہ نے روتے ہوئے کہا میں نے دنیا گھومی مگر جو سکون مجھے دیار ربانی میں ملا وہ کہیں نہیں پا سکا، اب میری خواہش ہے کہ دیار مصطفی کی بھی زیارت کروں۔