لکھ کردیتا ہوں قانون کبھی ہاتھ میں نہیں لوں گا، خادم رضوی خادم رضوی لکھ کر دیں آئندہ لوگوں کو ایسی ہدایات نہیں دیں گے، لاہور ہائیکورٹ آج جیل میں ملاقات ہوگی،وکیل، ضمانت نہ ہوسکی، سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی
لاہور: (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ خادم حسین رضوی کو لکھ کر دینا چاہیے کہ خادم رضوی لوگوں کو دوبارہ ایسی ہدایت نہیں دیں گے جبکہ وکیل نے کہا کہ خادم حسین لکھ کر دینے کو تیار ہیں کہ آئندہ قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے ، عدالت نے فریقین کے وکلا کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم علی خان نے خادم حسین رضوی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔عدالت نے استفسار کیا کہ آئندہ قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کے حوالے سے خادم رضوی نے ضمانت نامہ لکھ کردیا کہ نہیں،جس پر وکیل نے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل نے خادم حسین رضوی سے ملاقات نہیں کرنے دی۔ آج جمعہ کے روز ملاقات شیڈول ہے۔ عدالت نے کہا کہ خادم حسین رضوی کیا لکھ کر دینے کو تیار ہیں؟ ہمارے لیے وزیر اعظم اور نتھو چوکیدار سب برابر ہیں، فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔ خادم رضوی کی تقریر کی ٹرانسکرپٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔ وکیل نے کہا کہ حکومت نے معاہدے کے باوجود خادم حسین رضوی کو گرفتار کیا۔ جسٹس قاسم علی خان نے کہا کہ معاہدے میں کہاں لکھا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ وکیل نے کہا کہ حکومت نے خادم حسین رضوی کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔خادم حسین رضوی نے پر امن احتجاج کیا۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت خادم رضوی کی ضمانت منظور کرے۔