قصور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ زینب قتل جیسے واقعات پر پردہ ڈالنے والے بھی سفاک قاتلوں کے ساتھی ہوتے ہیں، مجھے کیوں نکالا کا سوال کرنے والوں سے سوال ہے زینب کو کیوں مارا۔
قصور میں مقتول زینب کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ زینب کے بہیمانہ قتل پر دکھ کا اظہار کرنے آئے ہیں، اگر قصور میں ہونے والے گزشتہ واقعات پرتوجہ دی جاتی تو زینب کا واقعہ نہ ہوتا، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کا فرض ہوتا ہے لیکن حکمرانوں کی توجہ کسی اورچیز پر ہے اس لیے زینب کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے، مجھے کیوں نکالنے کا سوال کرنے والوں سے سوال ہے کہ زینب کو کیوں مارا، اگر ایسے ظالموں کو گرفتار کرنا خلق خدا کی خدمت ہے تو ایسے واقعات پر پردہ ڈالنے والے بھی سفاک قاتلوں کے ساتھی ہوتے ہیں اور اس گناہ میں برابر کے شریک ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اور وزیراعلیٰ پنجاب ناکام ہوچکے ہیں، حکومت کی نااہلی کے باعث ایسے واقعات دنیا میں ہماری بدنامی کاباعث بن رہے ہیں، آج برطانوی پارلیمنٹ میں زینب واقعے کو زیر بحث لایا جائے گا جو انتہائی افسوس ناک ہے، ایسے واقعات دیگر ممالک میں بھی ہوتے ہیں لیکن وہاں حکومتیں بے بس نہیں ہوتیں، کاغذوں کا پیٹ بھرنے کے لیےمعصوم لوگوں کوپکڑا گیا ہے اور قتل کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر گولیاں چلائی گئیں، حکومت سمجھ رہی ہے کہ نہتے عوام کو شہید کردیا گیا تو سب بھول جائیں گے لیکن حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہئے خدا کی لاٹھی بے آواز ہے۔