کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے فتح گر فائنل اوور کرنے پر محمد نواز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسپنر کی جتنی بھی تعریف کی جائے، وہ کم ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں بہت زیادہ دباؤ تھا، ایک ہی میچ تھا اور دونوں ٹیموں کی کوشش تھی کہ وہ یہ میچ جیت کر فائنل میں پہنچیں لیکن خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہمیں یہ ناممکن فتح ملی جس کا سہرا پوری ٹیم کے سر جاتا ہے۔یاد رہے کہ شارجہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخر گیند پر پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست دی۔
کوئٹہ کی ٹیم نے پشاور زلمی کو میچ میں فتح کیلئے 201 رنز کا ہدف دیا لیکن زلمی آخری اوور محمد نواز کی عمدہ باؤلنگ کے سبب 199 رنز ہی بنا سکے۔سرفراز نے کہا کہ آخری اوورز میں گیند بہت زیادہ گیلی ہورہی تھی جس کی وجہ سے گرپ نہیں ہو رہی تھی لیکن میں نواز سے کہا تھا کہ یہ ہیرو بننے کا وقت ہے لہٰذا اعتماد سے گیند کرنا۔انہوں نے کہا کہ جب آخری دو گیندوں پر دو رنز درکار تھے تو مجھے لگ رہا تھا کہ اگر ہم ہار سکتے ہیں تو دوسری ٹیم بھی ہار سکتی ہے اور ہمارا یہی یقین ہمیں فتح دلا گیا۔
’نواز نے انتہائی مشکل کنڈیشنز میں باؤلنگ کی جس کیلئے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے‘۔دوسری جانب پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ تاریخ نے خود کو دہرایا ہے کیونکہ گزشتہ ایڈیشن میں بھی ہمارے ساتھ یہی ہوا تھا لیکن کرکٹ بدلتی قسمت اور خوبصورت حادثات کا کھیل ہے۔سیمی نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہترین فائٹ کرتے ہوئے کوئٹہ کو آخری دس اوورز میں زیادہ رنز بنانے کا موقع نہیں دیا اور 200 رنز محدود کردیا اور پھر محمد حفیظ، ڈیوڈ ملان اور شاہد آفریدی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہمیں تقریباً فتح ی دہلیز تک پہنچا دیا لیکن آخر گیند پر میچ ختم نہیں ہوتا اور میچ ہارنا انتہائی مایوس کن ہے۔یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ پشاور زلمی کے پاس فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع ہے۔کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان آج ایونٹ کا دوسرا پلے آف کھیلا جائے گا اور اس کا فاتح تیسرے پلے آف میں جمعے کو پشاور زلمی سے ٹکرائے گا۔