اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا ہے کہ پیراگون کیس میں کوئی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن اس کیس میں معاملہ سرکاری کیس کا ہے، خواجہ سعد رفیق کا پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس سے لا علمی ظاہر کرنا کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ اگر میں اپنی سوسائٹی سے لاعلم بھی ہوجاؤں تو بھی وہ میری ہی ملکیت رہے گی ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر اعبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ سابق وفاقی و صوبائی وزراء کے خلاف کیسز، شریف خاندان کے خلاف کرپشن کیسز سابقہ دور حکومت میں بنائے گئے، ہم اقتدار میں آئے ہوئے صرف تین مہینے ہوئے ہیں اور اس دوران ہم نے کسی کے خلاف کوئی کیس نہیں بنایا، ن لیگ کے دور حکومت سے ہی سارے کیس چلتے آرہے ہیں،۔ پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی بھی نہیں ہوا کہ کسی ہاؤسنگ سسوسائٹی کو سرکاری زمین الاٹ کر دی جائے، ایل ڈی اے سٹی کے لیے خریدی گئی زمینوں میں سے 4 زمینوں کے مالک خواجہ برادران ہیں۔عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ نیب میرے خلاف بھی 2015 سے تحقیقات کر رہا ہے، جس وقت میرے خلاف تحقیقات کا آغاز ہوا تو اس وقت میرے پاس کوئی اختیار نہیں تھا، ہمارے وزراء کو کیوں نہیں پکڑا گیا اس کا جواب نیب سے لینا چاہیئے ہم سے نہیں۔ زرداری صاحب نےاگر کوئی کرپشن نہیں کی تو وہ ڈر کیوں رہے ہیں۔