ممبئی: ناموربالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان سے ہاتھ جوڑکے التجا کی ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر بنائیں۔
بالی ووڈ کی خوبرواداکارہ کنگنا رناوت نے حال ہی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الیکشن میں کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہرکی کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتربنانے کےلئے اقدامات کریں کیونکہ دونوں ممالک میں درمیان ہونے والی کشیدگی کے باعث ہمارے جوان شہید ہوجاتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتا یا کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ان کے خیال میں سیاست کو بطورکیریئر نہیں لینا چاہئے اور میری طرح کے کسی انسان کو سیاست میں آنے کا شوق ہے تو اسے چاہئے کہ اس مادپرستی سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے تمام درد تکلیف بھولنی ہوں گی، اگر آپ انسانی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنا خاندان اور باقی چیزیں چھوڑنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنے ملک کی موجودہ حالات کے بارے میں سوچنا چاہئے جو کہ اکثر لوگ نہیں کرتے۔لوگ ملک کے مسائل کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں مگر انہیں ٹھیک کرنے کی بات کوئی نہیں کرتا۔
انتخابات 2018 میں کامیابی کے بعد عمران خان کے قوم سے خطاب کے بارے میں کنگنا نے کہا کہ عمران خان نے بہت اچھی تقریرکی تھی۔ کنگنارناوت نے عمران خان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ہاتھ جوڑ کرعمران خان سے التجا کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات خوشگوار اور بہتر بنائیں۔
کنگنا رناوت آج کل فلم ’منی کارنیکا‘ کی تکمیل کے آخری مراحل میں خاصی مصروف ہیں لیکن ایسے میں وہ ملک کے سماجی اور سیاسی معاملات پر اپنی رائے دینا نہیں بھولتیں۔
واضح رہے کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو، کپل دیو سمیت متعدد بھارتی شخصیات کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد دی گئی تھی۔ عمران خان 18 اگست کو وزرات عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔