شنگھائی(ویب ڈیسک) بعض افراد کسی ناپسندیدہ شخص کے ساتھ زندگی گزارنے پر ہر قسم کی تکلیف کو ترجیح دیتے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ چین میں پیش آیا جب ایک شخص کو یہ احساس ہوا کہ وہ اپنی منگیتر کے ساتھ زندگی نہیں گزارسکتا، اس نے جان بوجھ کر چوری کی اور گرفتار ہوا تاکہ
شادی سے فرار حاصل کرسکے۔ شنگھائی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص (جس کا نام چین) بتایا جارہا ہے اسے احساس ہوا کہ وہ شادی کے بعد اپنی منگیتر کے ساتھ نہیں رہ سکتا لیکن اسے منع کرنے کی ہمت نہیں تھی، اس نے ایک ایسا ڈھونگ رچایا کہ اس کی منگیتر خود ہی شادی سے انکار کردے۔ چینی معاشرے میں معاشرتی اقدار کی بڑی اہمیت ہے جہاں مجرموں اور چوروں سے دور ہی رہا جاتا ہے۔اس کے لیے چین شہر کی معروف جگہ پر واقع ایک ڈانس اسٹوڈیو گیا اور کسی خوف کے بغیر وہاں رکھا وائی فائی اسپیکر چرالیا جس کی قیمت 40 ہزار روپے بتائی جارہی ہے۔ وہ جان بوجھ کر سیکیورٹی کیمروں کے سامنے سے گزرا کیونکہ شناخت ہوکر گرفتار ہونا ہی اس کا اصل ہدف تھا۔وہ گرفتار ہوا اور پولیس سے کہا کہ وہ اسپیکر چرانا چاہتا تھا لیکن ساتھ ہی اس نے پولیس اہلکاروں کو اصل کہانی سنادی۔ اس نے کہا’ میری دوست مجھ سے شادی کی خواہاں ہے لیکن میں اس سے شادی نہیں کرنا چاہتا، مجھے معلوم تھا کہ میں گرفتار ہوجاؤں گا۔‘چین نے بتایا کہ اسے اسپیکر کی قیمت کا پتا تھا تاکہ اس کا کیس بن سکے لیکن چینی میڈیا کے مطابق اس جرم میں چین کو زیادہ دیر قید میں نہیں رکھا جاسکتا۔ آخری اطلاعات تک وہ پولیس کی تحویل میں ہی تھا اور یہ بھی معلوم نہ ہوسکا کہ اس خبر کے بات اس کی منگیتر نے کیا فیصلہ کیا؟ اس نے جان بوجھ کر چوری کی اور گرفتار ہوا تاکہ شادی سے فرار حاصل کرسکے۔