کراچی…….طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سندھ میں بچوں کی بیماریوں اوران کے باعث ہونے والی اموات کی شرح میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مل کر کام کرنا ہو گا۔ نجی شعبے اور مخیر حضرات کو بھی حکومت کا ہاتھ بٹانا ہو گا۔ قومی ادارہ برائے صحت اطفال (این آئی سی ایچ ) کی طرز پرکراچی سمیت سندھ کے چند دیگر بڑے شہروں میں بھی ایسے اسپتال کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے نجی ہوٹل میں این آئی سی ایچ کے ساتویں سمپوزیم کی اختتامی تقریب اور سائنسی سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اختتامی سیشن کی مہمان خصوصی سابق ڈائریکٹر این آئی سی ایچ پروفیسر افروز رمضان تھیں۔ دیگر مقررین میںپروفیسر ڈاکٹر جمال رضا، ڈاکٹر کھیم چند مورانی اور دیگر نے خطاب کیا۔پروفیسر افروز رمضان نے کہا کہ بچوں کی بیماریاں وقت کے ساتھ ساتھ بڑھی ہیں۔ تشخیص کی سہولتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود بچوں کی شرح ااموات کو کم کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔