دورہ نیوزی لینڈ میں موقع ملا تو طویل دورانیئے کی کرکٹ میں سلیکشن کمیٹی کو مایوس نہیں کروں گا: اوپننگ بیٹسمین
کراچی: قومی اوپنر شرجیل خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرنے کی خواہش ظاہر کر دی ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک کیلئے ٹیسٹ کھیلنا چاہتے ہیں کیونکہ ہر انٹرنیشنل کھلاڑی کا یہ دیرینہ خواب ہوتا ہے ۔ واضح رہے کہ شرجیل خان ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ میں تو اپنی جگہ کو مستحکم کر چکے تاہم وہ طویل فارمیٹ میں بھی کھیلنے کیلئے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ تمام فارمیٹس میں خود کو اچھا بیٹسمین ثابت کرنا چاہتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی کے ساتھ ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے کیلئے بھی پوری طرح تیار ہیں ۔ شرجیل خان نے کہا کہ جب بھی انہیں پاکستانی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بہتر سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں ۔ واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں طویل فارمیٹ کیلئے سلیکشن کمیٹی اضافی اوپنر لے جانے پر غور کر رہی ہے اور ستائیس سالہ اوپنر بھی سلیکٹرز کی نظروں میں آنے کیلئے پر امید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیسٹ فارمیٹ میں قومی ٹیم کیلئے کارآمد ثابت ہونا چاہتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اگر انہیں دورہ نیوزی لینڈ میں موقع دیا گیا تو وہ سلیکٹرز کو مایوس نہیں کریں گے ۔ ایک سوال پر شرجیل خان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ وہ چوکوں چھکوں کے علاوہ بہتر ٹیکنیک کے ساتھ طویل اننگز نہیں کھیل سکتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی توجہ زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر کر ہر سمت میں زبردست شاٹس کھیلنے پر مرکوز ہے ۔