دبئی (ویب ڈیسک) کرکٹ کی دنیا میں ’یونیورسل باس‘ کا خطاب حاصل کرنے والے کرس گیل نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ افغان پریمیر لیگ میں قندھار نائٹس کیخلاف میچ میں 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد غیر ملکی خبر رساں
ادارے کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کرس گیل نے کہا کہ وہ 1992ءکا ورلڈکپ جیتنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان سے ملنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”میں کبھی پاکستان نہیں گیا لیکن موقع ملا تو خوشی سے جاﺅں گا اور وزیراعظم عمران خان سے ملوں گا جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔ اور ہو سکتا ہے کہ مجھے ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان کیساتھ مزے کرنے کا موقع مل جائے۔“ جب ان سے یہ پوچھا گیا پاکستان جانے کیلئے ان کی کوئی شرط ہے تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ”صرف ایک ہی شرط ہے کہ پاکستان نجی طیارہ بھیج دے اور میں اس میں بیٹھ کر پاکستان چلا جاﺅں۔“ واضح رہے کہ کرس گیل اس وقت شارجہ میں افغانستان پریمیر لیگ (اے پی ایل) کھیلنے میں مصروف ہیں جہاں حال ہی میں کھیلے گئے ایک میچ میں انہوں نے 21 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم بلخ لیجنڈز کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد بلے بازوں، باﺅلرز اور آل راﺅنڈرز کی تازہ ترین فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق تینوں شعبوں میں کوئی بھی پاکستانی ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہے۔پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لیا اور رینکنگ میں آسٹریلیا کو بھی تیسری سے پانچویں پوزیشن پر بھیج دیا لیکن آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بلے باز، باﺅلر یا آل راﺅنڈر ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہے۔ بلے بازوں کی فہرست میں ویرات کوہلی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ سٹیو سمتھ دوسری، کین ولیم سن تیسری، جو روٹ چوتھی، ڈیوڈ وارنر پانچویں، چتیشور پجارا چھٹے، کرونارتنے ساتویں، دنیش چندی مل آٹھویں، ڈین ایلگر نوویں اور عثمان خواجہ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔