پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا چودھری نثار نے چھوٹے صوبے کو دھمکی دی ہے۔ وزیر داخلہ ملک میں چاہتے ہیں کہ انارکی پھیل جائے اگر اسی طرح لڑنا ہے تو وفاقی وزیر پھر آ جائیں۔
لاہور: (یس اُردو) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا چودھری نثار نے چھوٹے صوبے کو دھمکی دی ہے ملک کے اندر وفاق کی بادشاہت نہیں۔ وفاقی فسطائی سوچ سے باہر نکلے کیونکہ وفاق کے اپنے اور چاروں صوبوں کے اپنے اختیارات ہیں۔ انہوں نے کہا رینجرز کو اختیارات صوبائی حکومت نے دیئے۔ ان کا مزید کہنا تھا پیپلز پارٹی کو سیاسی طور پر آپریشن سے نقصان ہوا لیکن ساتھ کھڑے رہے۔ پیپلز پارٹی کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے خلاف نہیں ہے۔ ایک شخص ، ایک شخص کی کیوں رٹ لگا رکھی ہے اگر وزیر داخلہ دھمکیاں دیں گے تو کس کے پاس ثبوت نہیں ہیں ۔ وزیر داخلہ ملک میں چاہتے ہیں کہ انارکی پھیل جائے اگر اسی طرح لڑنا ہے تو وفاقی وزیر پھر آ جائیں۔ ایسی سوچ نے ہی پہلے بھی پاکستان کو دولخت کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کرپشن کا اختیار رینجرز نہیں نیب کے پاس ہے۔ نیب نے کسی کو پکڑا تو ہم نہیں بولے کیونکہ کرپشن پر پکڑنا ان کا کام ہے اور ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ احتساب بلاتفریق ہو۔ سوات آپریشن کے دوران وزیرداخلہ کہاں تھے ہم اداروں کے ساتھ کھڑے تھے۔