لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے آصف زرادی سے ون ٹو ون ملاقات کرنے میں ہچکچاہٹ کا اظہار کردیا ۔مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ آصف زرداری سے جو معاملات طے ہوں ،انکی ضمانت دی جائے تاکہ بعد میں مسائل پیدا نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی کو ششیں رنگ لے آئی ہیں۔سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایک دوسرے سے ملاقات کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ نواز شریف اورآصف زرداری میں ون ٹو ون ملاقات ہو جس میں دونوں رہنما متفقہ ایجنڈے پر بات کر سکیں تاکہ اپوزیشن متحد ہو کر حکومت کے خلاف کاروائی کر سکے۔تاہم نواز شریف ،آصف زرادری سے ون ٹو ون ملاقات نہیں کرنا چاہتے ہیں۔نواز شریف کی خواہش ہے کہ آصف زرداری سے وفود کی سطح پر ملاقات کی جائے ۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ آصف زرداری کے ساتھ جو بھی معاملات طے ہوں ،ان پر کوئی ضامن بھی ہونا چاہیے تاکہ آنے والے وقت میں آصف زرداری ان معاملات پر عمل درآمد کرنے سے مکر نہ جائیں۔یاد رہے کہ نواز شریف کو پہلے ہی ججوں کے بحال کرنے پر سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے جب حکومت میں آنے کے بعد آصف زرداری نے معاہدہ بھوربن پر عمل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔واضح ہو کہ اس وقت آصف زرداری لاہور میں موجود ہیں اور آنے والے دنوں میں کسی بھی وقت آصف زرداری اور نواز شریف میں ملاقات متوقع ہے اور اس ملاقات کے لیے مولانا فضل الرحمان بھرپور کوششش جاری رکھے ہوئے ہیں۔