لاہور(ویب ڈیسک)قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر ہی دم لیں گے۔نیب کے لاہور آفس میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ذرائع کے مطابق نیب چیئرمین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ڈی جی نیب لاہور نے شریف خاندان کے خلاف زیر تفتیش کیس سمیت پیراگون اور آشیانہ اقبال کیس کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ آشیانہ اقبال کیس میں گرفتار شہباز شریف کا ریفرنس جلد از جلد مکمل کرکے احتساب عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے,چیئرمین نیب نے ہدایت کی ہے کہ پیراگون ہاوسنگ سکینڈل میں نیب کی تفتیشی و قانونی ٹیم مکمل تیاری کرے اور خواجہ برادران کی قبل از گرفتاری ضمانت کی عدالت میں سماعت پر نیب ٹیم اپنا بھر پور موقف پیش کرے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نے ہدایت کی ہے کہ زیر تفتیش کیسسز میں مطلوب افراد کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ چئیرمین نیب نے ہاوسنگ سوسائٹیز کے کیسسز کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔