نئی دہلی: بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ نے گزشتہ روز پیشکش کی تھی کہ وہ ون کمانڈر ابھی نندن کو لینے کیلئے خود جائیں گے تاہم اب انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ پاکستان سے رہا ہونے والے پائلٹ کو لینے کیلئے واہگہ بارڈر نہیں جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام کچھ ہی دیر میں بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کرنے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں۔ بھارتی وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہمارا پائلٹ واپس آ رہا ہے اور امید ہے کہ انہیں کسی قسم کے زخم نہیں آئے ہوں گے کیونکہ عمومی طور پر جب آپ جہاز سے باہر نکلتے ہیں تو آپ کو چوٹ لگنے کا امکان ہوتا ہے تاہم بظاہر تصاویر میں ایسا محسوس نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب 1965 اور 1971 کی جنگ کے بعد قیدی واپس آئے تو سب سے پہلے ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بہتر یہی ہے کہ میں بھی ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر لینے کیلئے نہ جاﺅں۔ بھارتی وزیراعلیٰ سے سوال کیا گیا کہ اس کے بعد اگلا قدم کیا ہو سکتا ہے جس پر امریندر سنگھ نے کہا کہ اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا، پنجاب میں کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ اس ملک میں کوئی بھی جنگ چاہتا ہے۔ امرتر کے ڈپٹی کمشنر شیو دولار سنگھ ڈھلوں نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ وہ آج بھارت واپس آ جائیں گے اور وہاں پر انہیں لینے کیلئے ایئر فورس کی ٹیم موجود ہوگی جو انہیں اپنے ساتھ لے جائے گی۔