وزیراعظم کو نااہل کرناووٹ کی توہین ہے: نوازشریف کیا اقامہ ووٹ کی توہین نہیں؟ کرپشن، پارلیمنٹ میں جھوٹ ووٹ کی توہین نہیں؟ابرار کیانی
پیرس(یس اردو نیوز) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنما ابرار کیانی نے جمعہ کے روز بتایا کہ جی ٹی روڈ پر میاں نواز شریف کا پٹواری شو بری طرح سے ناکام ہوچکا ہے راولپنڈی کے ایفی ڈرین عباسی اور کرپٹ ٹولہ دو تین ہزار لوگ مندرہ تک لے جاسکے ہیں اور ان کے آپس کے اختلافات بھی چغلی کھا رہے ہیں، بے شک سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میاں نوازشریف اپنی سیاسی حیثیت کھو چکے ہیں اور آنیوالے عام انتخابات میں عوام بے رحمی کیساتھ ان کا احتساب کرینگے،
انہوں نے کہا کہ اب تک کنٹینر کی سرد ہوائوں سے نواز شریف نے کوئی بھی مدبرانہ بات منہ سے نہیں نکالی بس پاکستان کے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں ، نااہل وزیر اعظم ووٹ کی بذات خود توہین کر رہا ہے ، ووٹ کی سب سے بڑی توہین اقتدار میں رہ کر منی لانڈرنگ کروانا ہے اور پیسہ بنانا ہے اس کے بعد اقامہ اور بال بچوں سمیت کرپشن کی پوٹلی سر پر اٹھا کر اپنی مظلومیت کا ڈھنڈورا پیٹنا اور جی ٹی روڈ پر تماشا لگانا مجرمانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ جو کہ بالکل ناقابل قبول ہے۔