آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ رونی فلینیگن نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور پہنچ گئے۔ وہ ٹریبونل میں بطور گواہ پیش ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق رونی فلینیگن پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کیس میں اہم بیان دیں گے اور سازش سے پردہ اٹھاکر شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف گواہی دیں گے۔ پی ایس ایل ٹو کے آغاز میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان، خالد لطیف، شاہ زیب حسن، محمد عرفان اور سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشید بھی معطل ہوئے۔ کرکٹر خالد لطیف پر پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی 6 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے، جبکہ معطل کرکٹر شرجیل خان پر بھی 5 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
محمد عرفان نے بکی کے رابطے کی اطلاع نہ کرنے کی غلطی تسلیم کرلی تھی،جس کے بعد انہیں سزا بھی سنائی جا چکی ہے، دیگر کے کیس ٹریبونل میں زیر سماعت ہیں۔ رونی فلینیگن کی سربراہی میں ہی آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے یہ کیس پکڑا تھا جس کے بعد آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان معلومات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔