دبئی : آئی سی سی کو کونسل کی صدارت کے لئے پاکستانی ٹیسٹ لیجنڈ ظہیر عباس کا نام موصول ہو گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایگزیکٹو کمیٹی کی مشاورت کے بعد آئی سی سی کی صدارت کیلئے ظہیر عباس کو نامزد کیا تھا جس کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے سابق کرکٹر ظہیر عباس کا نام آئی سی سی کو بھجوایا۔
آئی سی سی 21 تا 26 جون کو بارباڈوس میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں ظہیر عباس کی بطور صدر حتمی منظوری دے گا۔
ظہیر عباس واحد ایشین کرکٹر ہیں جنھوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سو سے زائد سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ سابق مایہ ناز کرکٹر بطور میچ ریفری واحد ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچوں میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔