لاہور (یس ڈیسک) آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونیوالی پریس ریلیز میں قومی آف سپنر کے مشکوک بائولنگ ایکشن کو کلئیر قرار دیا گیا۔ پریس ریلیز میں بنگلا دیش کے سہاگ غازی کے بائولنگ ایکشن کو بھی قانونی قرار دینے کی خوش خبری دی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق سعید اجمل کی تمام ڈلیوریز کرکٹ قوانین کے تحت 15 ڈگری کے اندر ہیں۔ گزشتہ سال اگست میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران فیلڈ امپائرز نے آف سپنر کے بائولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے آئی سی سی کو رپورٹ کیا تھا۔ جس کے بعد 25 اگست کو برسبین میں موجود نیشنل کرکٹ سنٹر میں پی سی بی نے ان کا بائولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرایا جس میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی رہنمائی میں سعید اجمل نے مشکوک بائولنگ ایکشن کا داغ دھونے کے لیے خوب محنت کی۔ انیس ستمبر کو برطانیہ کی کارڈف میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں دوسری بار غیر رسمی بائولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینے پہنچے۔
بدقسمتی سے یہاں بھی ان کی امیدیں کامیاب نہ ہو سکیں اور آف سپنر کی بائولنگ ڈلیوریز 15 ڈگری سے زیادہ رہی۔ جس کے بعد سعید اجمل نے ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ تو کیا لیکن ساتھ ہی اپنی بائولنگ میں موجود تمام ڈلیوریز کو ٹھیک کرنے کی سرتوڑ کوششیں بھی جاری رکھیں .تفصیلات کے مطابق سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن پر امپائرز نے اعتراض کیا تھا کہ بائولنگ اور خاص طور پر ان کی دوسرا ڈلیوری کے دوران ان کا بازو پندرہ ڈگری سے زائد خم کھاتا ہے جو آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی ہے ، اس لئے ان پر بین الاقوامی میچز میں بائولنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ، سعید اجمل نے اس کے بعد سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کے ساتھ ایکشن میں بہتری کیلئے کام کیا اور پھر وہ آئی سی سی ماہرین کی نگرانی میں چنائی میں بائولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینے کیلئے روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے سخت ٹریننگ کے بعد ٹیسٹ دیا جس میں انہیں کلئیر قرار دے دیا۔
نئے ایکشن کی منظوری کے بعد سعید اجمل نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کی دعائوں اور اللہ کی کرم نوازی سے ان کا ایکشن کلیئر ہو گیا ہے جس پر وہ اللہ کی ذات اور پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں ، ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے تیار نہیں ہیں لیکن اگر پی سی بی نے ان کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے پر زور دیا تو وہ میگا ایونٹ میں شمولیت کو اپنا اعزاز سمجھیں گے۔
قومی آف سپنر کی مشکوک بائولنگ ایکشن کا سرکاری ٹیسٹ بھارتی شہر چنائی میں 24 جنوری کو آئی سی سی کی بائیو مکینک لیب میں ہوا تھا جہاں لیب کوچز نے سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا ، سعید اجمل نے لیب میں اپنی پانچ مختلف ڈلیوریز کے ٹیسٹ دیئے تھے۔ جن میں آف سپن ، دوسرا ، فاسٹر ون ، سیم اپ اور کیرم بال شامل ہے۔