پشاور (یس ڈیسک) کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں آرمی چیف راحیل شریف کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی خیبرپختونخوا کا اجلاس، اگلے ماہ سے آئی ڈی پیز کی مرحلہ وار واپسی کا فیصلہ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اگلے ماہ سے آئی ڈی پیز کی مرحلہ وار واپسی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاک فوج سیاسی حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی یقینی بنائے گی۔ فاٹا ایڈمنسٹریشن آئی ڈی پیز کی ان کے علاقوں میں بحالی کا جامع پلان ترتیب دے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے فاٹا اور کے پی کے کے لوگوں کی قربانیوں اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مضبوط عزم کے ساتھ قبائلی علاقوں کے عوام دہشتگردوں کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوئے ۔ فاٹا اور کے پی کے کے عوام نے دہشتگردوں کو معاشرے میں محدود کر دیا ہے ۔ اجلاس میں سیکورٹی امور اور دہشتگردی کے خلاف قومی لائحہ عمل پر غور کیا گیا ۔
آرمی چیف راحیل شریف کے زیر صدارت اجلاس کا ایجنڈا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، فاٹا کی صورتحال ،آئی ڈی پیز اور انسداد ہشتگردی پر مشتمل تھا۔ اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان، وزیراعلیٰ پرویز خٹک، کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمن، ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر، ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ، آئی جی ایف سی، آئی جی فرنٹئیر کانسٹیبلری لیاقت خان سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری شریک ہوئے۔
آرمی چیف راحیل شریف نے شرکاء کو نیشنل ایکشن پلان سے آگاہ کیا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے کے لئے گورنر اور وزیراعلیٰ سمیت تمام افسروں کو اعتماد میں لیا گیا۔