کراچی (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے فاروق ستار کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے بہت ہی بُرے دن ہوں گے اگر فاروق ستار شامل ہو گئے تو۔
انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی خبریں بے بنیاد ہیں، ایسا کچھ نہیں ہے ، یہ سب افواہیں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے فاروق ستار کو پیش ہونے کی کوئی دعوت نہیں دی گئی، نہ ہی فاروق ستار کا کوئی ارادہ ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوں۔ لوگوں نے یہ بھی کہا ہے کہ شاید فاروق ستار این اے 247 سے ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گے ، حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہے۔این اے 247 سے پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ اُمیدوار محمود مولوی صاحب ہوں گے۔اسی طرح این اے 243 سے ممکنہ اُمیدوار یا تو عالم گیر خان یا پھر آفتاب جہانگیر ہوں گے۔ فاروق ستار توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور یہ بات انہوں نے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے ہی کہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اس وقت کراچی کی سطح پر ایک منظم اور اُبھرتی ہوئی جماعت ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی پیشکش کی تصدیق کی تھی۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے قریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں۔ کراچی میں گذشتہ روز الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بے لگام انتخابی اخراجات سے متعلق پٹیشن دائرکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے رکن کے اخراجات 40 اور صوبائی نشست کے 30 لاکھ رکھے گئے لیکن سیاسی جماعتیں لاکھوں اور کروڑوں روپے خرچ کر دیتی ہیں۔اُمیدوار کو عام انتخابات میں یکساں مواقع نہیں مل پاتے ، ان اخراجات کو پارٹی اثاثہ جات میں ظاہر کیا جانا چاہئیے ، انتخابی اصلاحات میں انتخابی اخراجات کوکم کیا جائے ۔ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ایک جماعت اورایک منشور سے 30 سال سے جڑا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بعض ارکان نے رابطہ کیا ہے ۔ عارف علوی کے صدر بننے کے بعد این اے 247 کی نشست خالی ہورہی ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی کوشش ہے اس نشست پر میں کھڑا ہوجاؤں۔