وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس شخص کو آدھے گھنٹے پہلے کے اپنے ہی الفاظ کا پتا نہ ہو اس سےکیا توقع کی جاسکتی ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں سڑک کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مخالفین نے الزام لگائے کہ شہباز شریف نے 27 ارب روپے کی رشوت لی اور جب میٹرو ملتان کا بے بنیاد الزام جوڑا گیا تو مجبوراً انہیں پریس کانفرنس کرنا پڑی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ‘میں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 48 گھنٹے میں ثبوت پیش کئے جائیں اور عمران خان کو عدالت لے کر گیا تو وہ پیش ہی نہیں ہوئے’، اگر وہ اتنے ہی بڑے چیمپئن ہیں تو عدالت میں کرپشن کے الزامات ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ڈینگی برادران ہیں لیکن جب پشاور میں ڈینگی کی وبا آئی تو عمران خان پہاڑوں کی سیر پر چلے گئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد بھی پاکستانی ہیں اور ہماری دعا ہے کہ جلد سے جلد وہاں سے یہ وبا ختم ہو۔