اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہاہے کہ اپوزیشن کامسئلہ یہ ہے کہ وہ ذہنی طور پراپنے اپنے ابو کو نکالنے کے چکرمیں پھنسے ہوئے ہیں۔ نواز شریف اورآصف زرداری پیسے بھی نہ دیں، سیاست بھی بچ جائے اورچلے بھی جائیں توایسا تو نہیں ہوسکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم کی کشمیر پر حکمت عملی کافی اچھی رہی ہے، پہلی مرتبہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث کی گئی ہے، ٹرمپ نے کہا کہ کشمیرپر ثالثی کریں گے لیکن ملکوں کی ایک حد ہے، وہ مود ی سے کہہ رہے ہیں کہ کشمیر سے کرفیو ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہٹلر سے ساری دنیا کہہ رہی تھی کہ جو آپ کررہے ہیں یہ ٹھیک نہیں ہے اور اس کی قیمت ہٹلر کو بعد میں ادا کرنا پڑی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس بھی کوئی حکمت عملی نہیں ہے، وہ بس آکر بات ہی کردیتے ہیں کہ یہ کرنا چاہئے، وہ کرنا چاہئے۔ فواد چودھری کا کہناتھا کہ عالمی میڈیا میں مسئلہ کشمیر کو اتنی کوریج کہاں ملی تھی؟ اس میں بھی زیادہ حصہ مودی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کامسئلہ یہ ہے کہ وہ ذہنی طور پراپنے اپنے ابو کو نکالنے کے چکرمیں پھنسے ہوئے ہیں۔ان کے تمام احتجاج اور جلسے احتساب کے پر رہتے ہیں، مسئلہ اس وقت یہ ہے کہ اپوزیشن کابیانیہ یہ ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کوچھوڑ دیا جائے تو عام آدمی کواس کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ نواز شریف اورآصف زرداری نکلنا چاہتے ہیں تو پلی بارگین کریں اورا س کے بعد لندن جائیں جہاں مرضی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں پیسے بھی نہ دیں، سیاست بھی بچ جائے اورچلے بھی جائیں توایسا تو نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر ان کوسزانہیں دلواتے اور مشرف کی طرح ڈیل کرلیتے ہیں تو پھر تحریک انصاف کو سیاسی طور پربڑا نقصان پہنچے گا، اس لئے عمران خان یہ کام نہیں کریں گے۔