لاہور: پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت سے اپنے مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبے منظور نہ ہوئے تو 27 دسمبر کے بعد دما دم مست قلندر ہوگا۔
بلاول ہاؤس لاہور میں سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے ایک بار پھر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کا ایکشن پلان ناکام ہو چکا، نیشنل ایکشن پلان داخلہ چوہدری نثار نے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تخت رائیونڈ والو سنو! ابھی تو لاہور سے آواز اٹھی ہے، کل پورے پاکستان سے آواز اٹھے گی، اگر حکومت نے ہمارے 4 مطالبات نہ مانے تو پھر 27 دسمبر کے بعد ملک بھر میں دما دم مست قلندر ہو گا۔چیرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر 2018 میں وزیراعظم بننے کی خواہش ظاہر کرتےہوئے ’’گو نواز گو‘‘ اور ’’اگلی باری پھرزرداری‘‘ کے نعرے بھی لگوائے۔