وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے معاملات کافی خراب ہو چکے ہیں۔ بجلی کی بندش کے خلاف وفاق کو کئی بار تحریری طور پر کہہ چکا ہوں ،اب اگر عوام سٹرکوں پرآرہی ہے تو یہ ان کا حق ہے۔
کراچی میں سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں80 بستروں کے چلڈرن ایمرجنسی وارڈ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ پر کام کررہے ہیں۔ دسمبر تک مزید دو سینٹرز کھول لیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپتال کے میڈیکل اسٹور ز کا دورہ کیا اور ادویات کی دستیابی سے متعلق معلومات بھی لیں۔ کراچی میں غیر اعلانیہ بجلی کی بندش پر وزیر اعلیٰ سندھ بھی کے الیکٹرک پر برس پڑے کہا کہ وفاق اور کے الیکٹرک کو رمضان المبارک سے قبل بجلی کے صورتحال بہتر کرنے کا کہا تھا اور اس معاملے پر متعدد بار تحریری طور پر بھی واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے صوبے سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے جس کے لئے پیپلز پارٹی نے پورے سندھ میں دھرنے دئیے اب اگر لوگ احتجاج کررہے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔