لندن(ویب ڈیسک) ہمارے ارد گرد بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کو بہت سی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے مگر جب وہ ان کو پورا نہیں کر پاتے تو مجبور ہو کر غلط راستہ اپناتے ہیں ایسا ہی برطانیہ میں ایک طالب علم کا لیپ ٹاپ چوری ہو گیا مگر اگلے ہی روز چور نے اسے ایک ای میل بھیج دی جس کا متن پڑھ کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ میل آن لائن کے مطابق چور نے طالب علم کو بھیجی کی ای میل میں لکھا کہ ”ہیلو، میں لیپ ٹاپ چوری کرنے پر آپ سے معافی مانگتا ہوں۔ میں بہت غریب ہوں اور مجھے رقم کی ضرورت تھی۔ بہرحال میں نے آپ کا فون اور پرس چھوڑ دیا تھا۔مجھے لیپ ٹاپ چیک کرنے سے معلوم ہوا ہے کہ آپ یونیورسٹی کے طالب علم ہو۔ اگر لیپ ٹاپ میں آپ کی کوئی ضروری فائلز ہیں تو مجھے بتا دیں، میں آپ کو ای میل کے ذریعے بھیج دوں گا۔ ایک مرتبہ پھر معافی چاہتا ہوں۔“رپورٹ کے مطابق جس لڑکے کا لیپ ٹاپ چوری ہوا تھا اس کے فلیٹ میٹ سٹیو ویلنٹائن نے اس ای میل کا سکرین شاٹ اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ کیا ہے جہاں صارفین اس چور کے ’انسانی جذبے‘ کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے اور اکثر تو کہہ رہے ہیں انہیں اس کا پتہ مل جائے تو وہ اس کی مالی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ جوابی ٹویٹس میں ڈیمن آئیڈو نامی صارف نے لکھا ہے کہ’اس چور کو معاف کردینا چاہیے۔“کیشی جے نامی صارف نے لکھا کہ ”اتنا عمدہ چور میں نے زندگی میں نہیں دیکھا سنا۔“ایریزاری نامی لڑکی نے لکھا کہ ”اسے ای میل کے ذریعے ٹریس کرکے اس کی مالی مدد کرنی چاہیے۔“