واشنگٹن…….گن کنٹرول کے حوالے سے تقریر کے دوران صدر اوباما کے آنسووں کو ایک ٹی وی شو میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک خاتون نے تو حد ہی کردی، کہا صدر اوباما نے رونے کے لیے کچی پیاز تو استعمال نہیں کی؟
کچھ دن پہلے گن کنٹرول کے حوالے سے صدر اوباما کی تقریر آپ کے ذہن کے پردے سے ہٹی نہیں ہوگی ، جب صدر اوباما دو ہزار بارہ میں سینڈی ہک اسکول میں ہوئی فائرنگ اور اس میں بیس بچوں کی ہلاکت کا تذکرہ کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، اور روپڑے تھے، رقت آمیز منظر کی یہ خاموشی ، ہر ایک کو محسوس ہوئی۔لیکن حال ہی میں ایک امریکی نیوز چینل پر جب بیٹھک لگی تو گفتگو میں حصہ لینے والوں نے اس تقریر کو بھی موضوع بنایا، پروگرام میں موجود شرکاء نے اپنی اپنی رائے دی، کسی نے کہا کہ ان آنسووں پر یقین نہیں کیا جاسکتا، کسی نے کہا صرف اس واقعے پر ہی آنسو کیوں؟؟ایک نے اوباما کے آنسووں کو خراب سیاسی تھیٹر کہا تو ایک محترمہ نے تو حد ہی کردی اینڈریا ٹینٹیروز کا کہنا تھا کہ اوباما نے کہیں آنسووں کے لیے کچی پیاز تو استعمال نہیں کی؟؟ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اس نیوز چینل نے صدر اوباما کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔