اسلام آباد (یس ڈیسک) ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی قانونی ٹیم نے ہتک عزت کے دعویٰ کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔
سابق چیف جسٹس عمران خان کے خلاف بیس ارب روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرینگے جو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں آج دائر کیے جانے کا امکان ہے، ایڈووکیٹ توفیق آصف، ایڈووکیٹ شیخ احسن الدین، ایڈووکیٹ نایاب گردیزی سابق چیف جسٹس کی قانونی ٹیم میں شامل ہونگے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سابق چیف جسٹس پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات کی دھاندلی میں ملوث تھے۔
سابق چیف جسٹس کے ہتک عزت دعوے کے بعد عمران خان نے سابق چیف جسٹس کی تعریف بھی کی لیکن بعد میں اپنے وکیل کے ذریعے ہتک عزت پر اپنا جواب واپس لے لیا تھا جس کے بعد اب سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری ہتک عزت کا دعویٰ دوبارہ دائر کریں گے۔