چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس کی ناکامی کے بعد آئی جی پنجاب صفائیاں دینے لگے، کہتے ہیں اسلحہ کم تھا، نہ ہی وسائل، میڈیا الزام لگا رہا ہے، کارروائی بھی حکمت عملی کے تحت ہی شروع کی گئی تھی، اہلکاروں کو چھ ہفتے کی خصوصی تربیت بھی دی گئی تھی۔
رحیم یار خان: (یس اُردو) چھوٹو گینگ کے خلاف کچے کے علاقے میں کئے جانے والے آپریشن میں بڑی ناکامی اور جگ ہنسائی کے بعد بالآخر آئی جی پنجاب کو بولنا پڑ ہی گیا۔ مشتاق سکھیرا نے رحیم یار خان میں پریس کانفرنس کی اور کھل کر صفائی دی۔ بولے، آپریشن حکمت عملی کے تحت شروع ہوا، کامیابی اور ناکامی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔آئی جی پنجاب نے آپریشن کے پہلے مرحلے میں ناکامی کو تسلیم کیا، ساتھ ہی ساتھ چھوٹو گینگ کے سو سے زائد سہولت کاروں کو پکڑنے کا دعویٰ بھی کر دیا۔ مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ مغوی اہلکاروں کی بازیابی پہلی ترجیح ہے، شہداء کے ورثاء کی بھی ہر ممکن مدد کریں گے۔