راولپنڈی : راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج خالد محمود رانجھا نے سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔
آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ نہیں لے سکا، جرح کیلئے وقت دیا جائے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت بارہ جون تک ملتوی کر دی۔
آج ایف آئی اے ملازم بشارت شہزاد اور دیگر دو گواہان شہزاد اکبر اور مرزا جاوید پر جرح ہونا تھی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ استغاثہ کے گواہان پر جرح کے بعد آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر بحث کرینگے۔
بریت کی درخواست میں اتفاق فاؤنڈری ریفرنس کے فیصلے کا حوالہ بھی دینگے۔ اب تک استغاثہ کے 33 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ سابق صدر کیخلاف ریفرنس میں تین گواہان کے بیان ریکارڈ کرنا باقی ہیں۔