اسلام آباد: خیبر پختونخواہ کے نامزد وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ میں کسی کا پلانٹڈ بندہ نہیں ہوں، اس حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبریں غلط ہیں، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی کہ صوبے میں گزشتہ حکومت کے کاموں کے تسلسل کو جاری رکھوں، میری زیادہ توجہ عوامی ترقی پر ہوگی۔ اس موقع پر ایک صحافی نے نامزد وزیراعلیٰ سے سوال کیا کہ جب آپ صوبائی وزیر سپورٹس کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے، تب 18 لاکھ روپے آپ کے ذاتی اکاوئنٹ پر منتقل ہوئے تھے ،اس بارے میں آپ کیا کہیں گے؟ اس پر جواب دیتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ آپ میرے اثاثے دیکھ سکتے ہیں، مجھے اللہ نے بہت نوازا ہوا ہے، جب ہم پہلی بار حکومت میں آئے تھے تب میں نے سپورٹس ایونٹس کا اعلان کیا تھا اور مختلف ٹورنامنٹ میں جیتنے والوں کو 18 لاکھ روپے دئیے جانے تھے، اس موقع پر منسٹر سپورٹس کا اکاﺅنٹ کھولا گیا اور اس میں پیسے رکھوائے گئے لیکن میں نے چیک کے ذریعے تمام رقم واپس کردی تھی ۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں، عاطف خان سے ملوں گا۔