لندن (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اسلام آباد کری روڈ پر واقع امام بارگاہ پر نماز مغرب کے دوران دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورکئی افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں الطاف حسین نے دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افرادکیلئے دعائے مغفرت کی اوران کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیا۔ انہوں نے دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے نمازیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔
الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباداورراولپنڈی سمیت تمام شہروں میں قائم مساجداور امام بارگاہوں سمیت تمام مذہبی عبادت گاہوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر کیاجائے اور عوام بھی اپنی مدد آپ کے تحت عبادت گاہوں میں چوکیداری سسٹم نافذ کریں، انھوں نے ایم کیوایم پنجاب کے صدر میاں عتیق ، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن زاہد ملک اور ایم کیوایم اپرپنجاب کے صدرحاجی عتیق عباسی سمیت تمام ذمہ داروں، کارکنوں اور تمام ماؤں بہنوں سے بھی پرزور اپیل کی ہے کہ وہ جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کی ہر ممکنہ مدد کریں اور جہاں جہاں خون کے عطیات دینے کی ضرورت پیش آئے وہاں خون کے عطیات دیں۔