سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رہنما امداد پتافی نے مسلم لیگ فنکشنل کی رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی سے معافی مانگ لی اور انہیں بہن کہہ کر چادر اڑھائی۔ نصرت سحر نے امداد پتافی کو معاف کردیا۔
امداد پتافی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں انسان ہوں، اس دن مجھ سے غلطی ہوئی، جمعے کو جوہواا س پرنصرت سحرعباسی سے معافی مانگتاہوں۔اس موقع پر نصرت سحر عباسی نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں انتہائی قدم اٹھانے کے لیے کہہ چکی تھی، بلاول، بختاور نے بھی اس بات کو سمجھا۔انہوں نے کہا کہ امداد پتافی نے مجھے خود آکر چادر اڑھائی اور مجھے بہن کا درجہ دیا تو میں اس اسمبلی اور باہر ان تمام لوگوں کا جنہوں نے میرا ساتھ دیا شکر گزار ہوں، میں نے امداد پتافی کو معاف کردیا۔نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ میں بلاول سے ہم کلام تھی کہ میں بھی کسی کی ماں ہوں تو مجھے انصاف دلایا جائے۔ ایوان میں اس طرح کا سلسلہ ہو تو پھر دل ٹوٹتے ہیں، اس لیے میں نے اس معاملے پر اسٹینڈ لیا۔انہوں نے کہا کہ میں کبھی معاف نہ کرتی لیکن بزرگ آئے، وہ شخص خود آیا ، مجھ پر چادر ڈال کر عزت دی گئی ،مجھے بہن کا درجہ دیا گیا اور سندھ کی روایت زندہ کی گئی اس لیے میں نے بات ختم کردی۔نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ واقعے سے پورے سندھ اور پاکستان کی دل آزاری ہوئی،میری اورمیری فیملی کی دل آزاری ہوئی۔فنکشنل لیگ کی رہنما کا کہنا تھا کہ ہرکسی کی خواہش ہےکہ اس کی بیٹی اسمبلی میں آئے،اسمبلی میں اس قسم کا سلوک ہوگا تو خوف پیدا ہوتا ہے۔