راولپنڈی ……….وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایران سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی اہم ہے۔اس منصوبے سے تمام برادر ملکوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف سے ایرانی سفیر نے راولپنڈی میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں میں دفاع اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ رواں ماہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان نہایت مثبت نتائج لائے گا، دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط تر ہوں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ خطے میں اقتصادی ترقی نہ ہونے کے باعث دہشتگردی کو فروغ ملا۔وزیر دفاع نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کےلیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیاں ختم ہونے سے پورے خطے میں اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔