راولپنڈی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان عام انتخابات میں سازش کے الزام ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ملکی سلامتی کے لئے سب اداروں کومل کرکام کرنا ہوگا۔
قانون نافذ کرنے والے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والے اداروں پر تنقید ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ حکومت نے سختی سے نوٹس لیا۔ عسکری قوت اورعوام کے درمیان یکجہتی کی فضا موجود ہے جس میں شک وشبہ کی کوئی گنجائش موجود نہیں، ہمیں کوالٹی آف ڈیموکریسی چاہیے،جس سے عوام مطمئن ہو۔
راولپنڈی میڈیکل کالج کے گیارہویں کانووکیشن کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن پر اعتراض کرنا درست نہیں، عمران خان نے جس سازش کا تذکرہ کیا، اسے ثابت نہیں کرسکے، ٹریبونل کے سامنے اپناکیس پیش کرنے میں ناکام رہے۔
جہاں تک متحدہ موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کے بیان کی بات ہے تو اس پرحکومت نے سخت نوٹس لیا ہے۔ عسکری وعوامی حلقوں کے درمیان یکجہتی موجودہے۔ ملکی مسائل سے نکلناہے تواداروں کومل کرکام کرنا ہوگا۔ تشکیل دی گئی پالیسی پرعملدرآمد کرنا ہوگا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ مسائل پرقابوپانے کیلئے سوسائٹی کوری بیلنس کرنا ہوگا۔ ہمیں کوالٹی آف ڈیموکریسی چاہئے جس سے عوام مطمئن ہوں۔