اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرول پر 300 ارب روپے کمانے سے متعلق عمران خان کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان انتخابات اور دیگر چیزوں پر سیاست کر لیں لیکن قومی معیشت پر سیاست نہ کریں۔ دہشت گردی کی طرح معیشت پر بھی نیشنل ایکشن پلان بننا چاہئے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے سازش یا بائی ڈیزائن کے الفاظ شامل کرنا پڑیں گے۔ اگر کمیشن کے قواعدو ضوابط میں یہ الفاظ لکھ دیئے جائیں کہ انتخابات میں کسی سازش کے زریعے منظم دھاندلی کی گئی تو وزیراعظم کمیشن کے قیام سے متعلق آرڈیننس جاری کرنے کے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خورشید شاہ سمیت کسی بھی نیوٹرل ایمپائر کو بطور ثالث قبول کرنے کو بھی تیار ہے تاہم خورشید شاہ ثالثی کیلئے تحریک انصاف کی طرف سے گرین سگنل کے منتظر ہیں۔ آرڈیننس کے زریعے کمیشن کا قیام جلد ممکن ہے جبکہ پارلیمنٹ میں بل لانے کی صورت میں 6 ماہ بھی لگ سکتے ہیں۔
ایک سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر بھابھی ریحام خان کی وجہ سے دو چیزیں ختم ہو سکتی ہیں تو وہ عمران خان کو کمیشن کی تشکیل کیلئے سازش یا بائی ڈیزائن کا لفظ شامل کرنے پر بھی آمادہ کریں تو یہ معاملہ آدھے گھنٹے میں حل ہو جائے گا۔