کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق کے قتل کیس میں ملزمان کو معاونت فراہم کرنے کے الزام گرفتار معظم علی سے تفتیش کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل کی سربراہی میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم معظم علی سے تفتیش کے لئے ایک جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
ٹیم میں پولیس، رینجرز، وفاقی تحقیقاتی ادارے کے نمائندوں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی شامل ہوں گے۔ تحقیقاتی ٹیم معظم علی کا بیان ریکارڈ کر کے چند روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ رینجرز نے معظم علی کو 3 روز قبل عزیز آباد سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ملزمان محسن علی اور محمد کاشف کو لندن بھجوایا اور ان کی مالی معاونت بھی کی۔