اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بتایا کہ برطانیہ کی میٹرو پولیٹن پولیس ٹیم پاکستان میں موجود ہے جس نے جے آئی ٹی کے ساتھ گرفتار ملزم معظم علی سے تفتیش مکمل کر لی ہے۔
برطانوی ٹیم کی درخواست پر دوسرے ملزم سے تفتیش کی اجازت دے دی ہے جس سے کل پوچھ گچھ کی جائے گی تاہم تیسرے ملزم تک رسائی کا فیصلہ عید کے بعد مشاورت سے کریں گے۔ چودھری نثار نے بتایا کہ برطانیہ کو ابھی تک صرف گرفتار ملزموں تک رسائی دی جا رہی ہے۔
ملزموں کی حوالگی کی نہ تو درخواست کی گئی اور نہ ہی کوئی فیصلہ ہم نے کیا ہے۔ برطانوی ٹیم کی تفتیش کے بعد جب درخواست آئے گی تب دیکھیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش اطمینان بخش طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ چاہتے ہیں کہ عمران فاروق کے قاتل پکڑے جائیں۔