اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزم کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کو کل عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔
جبکہ اس حوالے سے جے آئی ٹی ایک دودنوں میں تشکیل دی جائے گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں اب بڑی پیش رفت ہوگی۔
ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،یہ کیس برطانیہ کیلئے ہی نہیں پاکستان کیلئے بھی امتحان بنا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس پر ہمارے پاس جومعلومات تھیںاسکاٹ لینڈ یارڈ سے وہ شیئر کیں۔
چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ مقصد کسی کی جان لینا نہیں، مجرموں کو کٹہرے میں لانا ہے، ہمارے پاس جو بھی معلومات تھیں، برطانیہ کو مہیا کیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس میں پیش رفت پاکستانی انٹیلی جنس کی وجہ سے ہوئی، اس گرفتاری کے بعد برطانیہ سے تعاون اور رابطوں میں تیزی آئے گی۔