ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے صوبہ سندھ کیلئے نامزد گورنر عمران اسماعیل تھانہ ممتاز آباد میں لاکھوں روپے کے بوگس چیک کے مقدمہ میں نامزد ملزم نکلے۔ اس بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ملتان کے رہائشی جمیل نے پولیس تھانہ ممتاز آباد کودرخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیاتھا کہ سال 2010 میں عمران اسماعیل کیلیفورنیا نیچرل پروڈکس نامی ایک کمپنی کے ڈائریکٹر تھے، اس کمپنی نے مجھ سے ملتان میں ٹیٹرا پیک جوس اور دودھ کی ڈسٹری بیوشن کیلئے چالیس لاکھ روپے وصول کیے۔ اور جب ڈسٹری بیوشن نہ دے سکے تو عمران اسماعیل اور ندیم حسنین نامی شخص سے دوعدد چیکس 20، 20 لاکھ روپے کے وصول کیے دونوں چیکس مقررہ وقت پر کیش کروانے پر ڈس آنر ہوگئے۔ جس پر پولیس نے دونوں افراد کیخلاف 2نومبر 2010 کو مقدمہ نمبری1051/10بجرم 489-ایف درج ہوا پولیس نے دونوں ملزمان کی گرفتاری ممکن نہ ہونے پرمثل کوعدم پتہ قرار دے کر داخل دفتر کردی۔