پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے :چیئرمین تحریک انصاف کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (یس اُردو) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے دھرنا دینے والے گرفتار کارکنان جمہوریت کے ہیرو ہیں ، بیس ماہ سے مقدمہ زیر التواء رکھنا ظلم ہے ، انصاف فراہم کیا جائے ، یہی روش جاری رہی تو پھر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارلیمنٹ ، پی ٹی وی حملہ کیس میں نامزد کارکنان سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت پہنچ گئے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی پر الیکشن کمیشن ، عدالتوں نے انصاف نہیں دیا ، جس کے بعد تحریک انصاف نے پر امن احتجاج کا راستہ اپنایا ، دھرنا دینے والے گرفتار کارکن جمہوریت کے ہیرو ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ کارکنوں کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات قائم کرنا ظلم ہے ، بیس ماہ سے زیرالتواء مقدمہ میں غریب ، محنت کش کارکنان ملک کے مختلف حصوں سے پیشی کیلئے آتے ہیں ، عدالت سے درخواست ہے کہ کارکنوں کو انصاف فراہم کرتے ہوئے مقدمہ ختم کیا جائے ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اگر ہمارے ساتھ ایسے ہی ہوتا رہا تو ہم پھر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔ مقدمے میں نامزد ہونے پر ضمانت کروانے سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ کیا میں نے پیسہ چوری اور دھاندلی کی ہے ؟ یا لوگوں کا مینڈیٹ چرایا ہے سرمایہ بیرون ملک رکھنے والے دندناتے پھر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے بعد بھارت ، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک نے تحقیقات شروع کر دی ہیں ، ہمارا ملکی قانون پاناما لیکس کی دستاویزات میں شامل افراد کو کٹہرے میں لائے گا جس کے بعد عمران خان عدالت پیش ہوئے بغیر ہی واپس چلے گئے ۔